شمالی کوریاکے صدر کا ایٹمی طاقت کو مزید وسعت دینے کااعلان
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جوہری ریاست کے طور پر اپنی ایٹمی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہی ملک کے تحفظ کا واحد مؤثر راستہ ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے (KCNA) کے مطابق یہ بیان انہوں نے حکمران ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے دوران دیا، جو ہفتے سے پیر تک جاری رہا۔
کم جونگ اُن نے امریکا اور جنوبی کوریا پر خطے میں تناؤ بڑھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر اپنی جوہری دفاعی حکمت عملی کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں، جس کا اصل مقصد شمالی کوریا کو نشانہ بنانا ہے۔
انہوں نے عالمی طاقتوں کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض بڑی طاقتوں کی “غنڈہ گردی پر مبنی اقتدار کی خواہش” کے باعث دنیا کے مختلف خطوں میں کشیدگی اور تصادم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات بھی اسی پالیسی کا نتیجہ ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ عالمی حالات کا مؤثر جواب یہی ہے کہ جوہری قوت کو مزید وسعت دی جائے، اسے جدید بنایا جائے اور ملک کی دفاعی صلاحیت کو ہر ممکن حد تک مضبوط کیا جائے۔
انہوں نے جوہری اور روایتی دونوں فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور جدید جنگی سازوسامان کی تیاری تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
کم جونگ اُن کے مطابق جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاست کی حیثیت کو برقرار رکھنا اور اسے مؤثر انداز میں استعمال کے قابل بنانا موجودہ بین الاقوامی فوجی و سیاسی صورتحال کا اہم تقاضا ہے۔