Pakistan

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف کی ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف کی ملاقات
۱ منٹ پہلے

چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ نے ملاقات کی ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

 

جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 

ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان عسکری روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 

دونوں جانب سے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ عسکری تربیت اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

 

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان فوج دوست ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور تعمیری تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

 

دوسری جانب لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں