جرمن کوچ جولیان ناگلزمان کی فیفا پر شدید تنقید، کہا گروپ ونرز کو فائدے کے بجائے سزا دی جا رہی ہے
جرمنی کی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ جولیان ناگلزمان نے فیفا ورلڈ کپ کے شیڈول کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو انعام ملنے کے بجائے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرمنی کو اپنے اگلے ناک آؤٹ مرحلے کے حریف کے بارے میں میچ سے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت پہلے معلوم ہوگا، جس کے باعث مؤثر تیاری کے لیے وقت انتہائی محدود رہ جاتا ہے۔
جرمنی نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوراساؤ کو 7-1 سے شکست دی جبکہ آئیوری کوسٹ کے خلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے میں رسائی یقینی بنا لی ہے۔
ناگلزمان کے مطابق 48 ٹیموں پر مشتمل نئے ورلڈ کپ فارمیٹ نے شیڈولنگ کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، تاہم جرمن کوچنگ اسٹاف ممکنہ حریفوں کے خلاف مختلف حکمت عملیوں پر پہلے سے کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایکواڈور کی ٹیم کے لیے جرمنی کے خلاف میچ ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے۔
ایکواڈور اب تک صرف ایک پوائنٹ حاصل کر سکا ہے، جس میں کوراساؤ کے خلاف بغیر گول کا ڈرا اور آئیوری کوسٹ کے ہاتھوں 1-0 کی شکست شامل ہے۔
ایکواڈور کے کوچ سباستیان بیساسیسے کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا لیکن مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی، تاہم انہیں اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امید ہے۔