Sports

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ: بھارت نے پاکستان کو 1-7 سے شکست دے دی

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ: بھارت نے پاکستان کو 1-7 سے شکست دے دی
۱ منٹ پہلے

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کی مشکلات برقرار رہیں اور روایتی حریف بھارت نے قومی ٹیم کو 1-7 سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل پندرہویں شکست قرار دی جا رہی ہے جبکہ ٹیم اب تک ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی۔

 

لندن میں کھیلے گئے مقابلے کا آغاز پاکستان کے لیے حوصلہ افزا رہا۔ قومی ٹیم نے پہلے کوارٹر میں منظم کھیل پیش کیا اور بارہویں منٹ میں ابو محمود نے گول کر کے پاکستان کو ایک، صفر کی برتری دلا دی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام تک پاکستان کو مقابلے میں برتری حاصل رہی۔

 

تاہم دوسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے کھیل کا رخ تبدیل کر دیا۔ بھارت نے مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور برتری حاصل کر لی۔

 

تیسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے مزید جارحانہ انداز اختیار کیا اور پاکستانی دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھتے ہوئے مزید چار گول کر دیے۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھی بھارت نے ایک اور گول اسکور کر کے مقابلہ سات، ایک سے اپنے نام کر لیا۔

 

بھارت کی جانب سے ابھیشیک نے دو گول اسکور کیے، جبکہ سکھجیت سنگھ، ہرمن پریت سنگھ، ہاردک سنگھ، جگر اج سنگھ اور دلپریت سنگھ نے ایک، ایک گول کیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول ابو محمود کے نام رہا۔

 

اس نتیجے کے بعد پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں پوائنٹس کے بغیر اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ مسلسل ناکامیوں نے قومی ہاکی کی کارکردگی، تیاری اور مستقبل کے حوالے سے سوالات کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

 

قومی ٹیم اب ایونٹ میں اپنا آخری مقابلہ ستائیس جون کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی، جہاں پاکستان بہتر اختتام کی کوشش کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں