Pakistan

بی آر ٹی مقدمہ: ضمیر عباسی 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

بی آر ٹی مقدمہ: ضمیر عباسی 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے
۱ منٹ پہلے

کراچی میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے سابق منصوبہ سربراہ ضمیر عباسی کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

 

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ ساڑھے آٹھ ارب روپے کی بدعنوانی سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران سابق منصوبہ سربراہ ضمیر عباسی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

 

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کرتے ہوئے یکم جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

 

سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے دریافت کیا کہ آیا ملزم کا بیان تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے یا نہیں۔ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ فی الحال بیان ریکارڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے مزید استفسار کیا کہ مزید تفتیش کے لیے کون سے اقدامات درکار ہیں اور جسمانی ریمانڈ کی ضرورت کیوں پیش آئی۔

 

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ محرم کی تعطیلات کے باعث مطلوبہ معلومات اور دستاویزات بروقت حاصل نہیں کی جا سکیں، جس کی وجہ سے مزید وقت درکار ہے۔

 

سماعت کے دوران ضمیر عباسی نے عدالت میں کہا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ ان کے اہلِ خانہ کے بینک کھاتوں اور دیگر مالی تفصیلات کیوں طلب کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کا موبائل فون اور دیگر اشیا پہلے ہی تفتیشی حکام کے قبضے میں ہیں۔

 

ملزم نے مزید دعویٰ کیا کہ منصوبے کا مشاورتی ادارہ ایک وفاقی وزیر کے قریبی افراد سے منسلک ہے۔ انہوں نے عدالت میں سوال اٹھایا کہ اگر تفتیش مکمل نہ ہو تو کیا انہیں مسلسل حراست میں رکھا جائے گا۔

 

دوسری جانب ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ ٹھیکیداروں کے ساتھ دوبارہ کیے گئے معاہدوں میں بنیادی شرائط تبدیل نہیں کی گئی تھیں۔ عدالت نے اس موقع پر ملزم سے دریافت کیا کہ آیا ان کے ساتھ کسی قسم کا جسمانی تشدد کیا گیا، جس پر ضمیر عباسی نے جواب دیا کہ وہ ایسا کوئی الزام نہیں لگا رہے۔

 

سماعت کے اختتام پر عدالت نے ضمنی چالان کو ریکارڈ کا حصہ بنایا اور تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں