World

برکینا فاسو کا فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کااعلان

برکینا فاسو کا فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کااعلان
۱ منٹ پہلے

برکینا فاسو کی فوجی حکومت نے سابق نوآبادیاتی طاقت فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پیرس مسلسل ملکی مفادات کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔

 

فوجی حکومت کے مطابق یہ فیصلہ 26 جون 2026 سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرانس کے ساتھ سفارتی روابط ختم کرنے کا مقصد ملکی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

 

برکینا فاسو کی حکومت نے اپنے بیان میں الزام لگایا کہ فرانس اب بھی نام نہاد نوآبادیاتی عزائم رکھتا ہے اور ایسے عناصر کی حمایت کر رہا ہے جو ملک اور پورے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔

 

فوجی حکام کے مطابق سفارتی تعلقات کے خاتمے کا اطلاق صرف سرکاری اور سفارتی سطح کے روابط پر ہوگا، جبکہ برکینا فاسو اور فرانسیسی عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی تعلقات برقرار رہیں گے۔

 

واضح رہے کہ برکینا فاسو میں 2022 میں فوجی اقتدار سنبھالنے کے بعد ابراہیم تراورے کی قیادت میں قائم حکومت نے مغربی ممالک، خاص طور پر فرانس، کے ساتھ تعلقات محدود کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے۔

 

برکینا فاسو گزشتہ کئی برسوں سے شدت پسند حملوں کا سامنا کر رہا ہے، جن میں القاعدہ اور داعش سے منسلک گروہوں کے حملوں کا بھی ذکر کیا جاتا رہا ہے، جس کے باعث ملک کی سکیورٹی صورتحال مسلسل دباؤ کا شکار رہی ہے۔

 

سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ برسوں میں افریقہ کے بعض ممالک میں فرانس مخالف جذبات بڑھے ہیں، جبکہ روس اور چین سمیت دیگر عالمی طاقتوں کا اثر و رسوخ بھی بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں