آزاد کشمیر انتخابات: کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ مکمل،41 امیدواروں کے کاغذات مسترد
آزاد جموں و کشمیر میں 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی سرگرمیاں مزید آگے بڑھ گئی ہیں اور کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق 45 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 1265 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے، جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد 41 امیدواروں کے کاغذات مسترد کر دیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر کے 33 حلقوں سے 1047 امیدواروں نے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے کاغذات جمع کروائے، جبکہ مہاجرینِ جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں سے 218 امیدوار میدان میں اترے۔
جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد اب مسترد شدہ امیدواروں کے لیے اپیلوں کا مرحلہ جاری ہے، جس کے تحت 28 جون تک اپیلیں دائر کی جا سکتی ہیں۔ اب تک 12 اپیلیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون کو کی جائے گی، جبکہ یکم اور 2 جولائی کو تمام اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے حتمی نتائج جاری کیے جائیں گے۔
بعد ازاں عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، جس کے بعد انتخابی مہم مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔