کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشتگرد حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، ایک افغان دہشتگرد گرفتار
کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشتگرد حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آور بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار سے تعلق رکھتے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے پہلے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کیا اور اس کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم رینجرز اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک زخمی افغان دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
حملے کے دوران پاکستان رینجرز کے تین جوان وطن پر جان قربان کرتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور پاکستان حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لائے گا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔