وینزویلا،زلزلوں سے ہلاکتیں 1700 سے تجاوز کر گئیں،ہزاروں زخمی
وینزویلا کے ساحلی علاقے میں 24 جون کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد تباہی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 1700 سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 5 ہزار 34 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15 ہزار 866 افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 22 ہزار 619 متاثرین مختلف طبی مراکز میں زیرِ علاج ہیں۔
اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاپتا افراد کی تعداد 68 ہزار تک پہنچ سکتی ہے جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ریاست لا گوائیرا، جو زلزلوں کا مرکز قرار دی جا رہی ہے، سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ شدید جانی و مالی نقصان کے بعد حکومت نے علاقے کو آفت زدہ قرار دے کر فوج کے کنٹرول میں دے دیا ہے۔
زلزلے کے پانچ روز بعد بھی ملبہ ہٹانے اور متاثرین کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ مختلف ممالک سے امدادی ٹیمیں اور بھاری مشینری امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ملبے تلے زندہ افراد کے ملنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔