مومنہ کی شہرت والد کے انتقال کے وقت آڑے آ گئی،بہن رمشا اقبال
پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران ایک نہایت جذباتی اور تکلیف دہ واقعے کا انکشاف کیا ہے۔
رمشا اقبال کے مطابق مومنہ اقبال کے والد کا انتقال اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا تھا، جس کا صدمہ آج بھی خاندان کے لیے گہرا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب مومنہ اقبال اپنے والد کو ہسپتال لے کر پہنچیں تو طبی عملے کی توجہ مریض کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے اس بات پر مرکوز ہو گئی کہ آیا آنے والی خاتون واقعی مومنہ اقبال ہیں یا نہیں۔
رمشا اقبال کے مطابق متعدد ڈاکٹرز اور عملے کے افراد مومنہ اقبال کو پہچاننے اور ان سے متعلق سوالات کرنے میں مصروف رہے، جبکہ ان کے والد کو بروقت اور مناسب طبی توجہ نہ مل سکی۔ ان کے بقول اس واقعے میں طبی غفلت کا پہلو بھی شامل تھا کیونکہ مریض کے بجائے ایک معروف شخصیت کی موجودگی مرکزِ توجہ بن گئی۔
اس انکشاف کے بعد مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ شہرت کی وجہ سے انہیں زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے پیشے کے اثرات ان کے اہلِ خانہ تک بھی پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ رکھتی ہیں اور یقین رکھتی ہیں کہ ہر معاملے میں انصاف وہی فراہم کرے گا۔