پاکستانی معذور کرکٹ مداح سے ویرات کوہلی کی ملاقات
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک معذور کرکٹ مداح سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے دونوں ممالک کے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
یہ مختصر ملاقات لارڈز کرکٹ گراونڈ میں ہوئی، جہاں ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویرات کوہلی وہیل چیئر پر موجود پاکستانی مداح کے پاس رکے، ان سے محبت بھرے انداز میں گفتگو کی اور ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ان کی بات توجہ سے سنی۔
اس دوران مداح کے ساتھ موجود شخص نے کہا:
"جناب! ہم پاکستان سے ہیں، لیکن ہم آپ سے بہت محبت کرتے ہیں۔
اس پر ویرات کوہلی نے مسکراتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، مداح کے بازو پر شفقت سے ہاتھ رکھا اور پھر وہاں سے روانہ ہو گئے۔
یہ ویڈیو سماجی رابطے کے ذرائع پر تیزی سے پھیل گئی، جہاں بہت سے صارفین نے اس لمحے کو کھیل کے مثبت جذبے اور انسانی احترام کی خوبصورت مثال قرار دیا۔