Pakistan

ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے، ٹیوشن سینٹر سانحے پر نواز شریف کا اظہارِ افسوس

ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے، ٹیوشن سینٹر سانحے پر نواز شریف کا اظہارِ افسوس
۲۳ گھنٹے پہلے

سابق وزیراعظم اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بے گناہ بچوں کی المناک موت پر انہیں شدید رنج پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں ان کی تمام تر ہمدردیاں متاثرہ اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

 

نواز شریف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرانے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ سانحے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق مثالی سزا دی جائے۔

 

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں 14 معصوم بچے جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں