قومی اسمبلی بجٹ اجلاس: 99 ارکان کی مکمل حاضری، 6 مسلسل غیرحاضر رہے
قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاسوں کے دوران اراکین کی حاضری سے متعلق فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے اپنی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بجٹ سیشن کے دوران قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 15 اجلاس منعقد ہوئے، جن میں 99 اراکین نے تمام اجلاسوں میں شرکت کی، جبکہ 6 اراکین کسی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
فافن کے مطابق بجٹ سیشن کے 13ویں اجلاس میں مطالباتِ زر کی منظوری کے موقع پر سب سے زیادہ 300 اراکین قومی اسمبلی موجود تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 6 وفاقی وزراء اور 3 وزرائے مملکت نے تمام اجلاسوں میں شرکت کی، جبکہ دفاع، پارلیمانی امور، آبی وسائل اور پبلک افیئرز یونٹ کے وفاقی وزراء ہر اجلاس میں شریک رہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 15 میں سے 6 اجلاسوں میں شرکت کی، جبکہ قائدِ حزبِ اختلاف محمود اچکزئی نے 12 اجلاسوں میں شرکت کی۔
پارلیمانی رہنماؤں میں خالد مگسی، خواجہ آصف، حمید حسین، پولین بلوچ اور اعجاز الحق نے تمام اجلاسوں میں شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق میاں نواز شریف اور حمزہ شہباز کسی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 15 میں سے 4 اجلاسوں میں شرکت کی۔