Pakistan

وفاق المدارس ، مفتی تقی عثمانی دوبارہ صدر، حنیف جالندھری ساتویں بار ناظمِ اعلیٰ منتخب

وفاق المدارس ، مفتی تقی عثمانی دوبارہ صدر، حنیف جالندھری ساتویں بار ناظمِ اعلیٰ منتخب
۱ منٹ پہلے

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلسِ عاملہ، مجلسِ شوریٰ اور مجلسِ عمومی کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کو بلامقابلہ دوسری مرتبہ صدر جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری کو مسلسل ساتویں مرتبہ بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔

 

جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقدہ اہم انتخابی اجلاس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک بھر سے وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلسِ عاملہ، مجلسِ شوریٰ اور مجلسِ عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان، ممتاز شیوخ الحدیث، جید علما، دینی و سماجی شخصیات اور مدارسِ دینیہ کے مہتممین و ذمہ داران نے شرکت کی۔

 

انتخابی اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن نے صدر کے لیے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظمِ اعلیٰ کے لیے مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام پیش کیے، جنہیں شرکا نے متفقہ طور پر بلامقابلہ منتخب کر لیا۔

 

نو منتخب صدر اور ناظمِ اعلیٰ آئندہ پانچ برس کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت اور انتظامی امور کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

 

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی تقریباً 70 سالہ روایت کے مطابق مجلسِ عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان نے مکمل اتفاقِ رائے سے دونوں شخصیات کو آئندہ پانچ سال کے لیے بلامقابلہ منتخب کیا۔

 

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم جولائی کو مجلسِ عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا، جبکہ 2 جولائی کو وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلسِ عاملہ، مجلسِ شوریٰ اور مجلسِ عمومی کا مشترکہ انتخابی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کے لیے قیام، طعام اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

 

واضح رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلسِ شوریٰ 358 جبکہ مجلسِ عمومی 1,623 ارکان پر مشتمل ہے، جو ملک بھر کے ہزاروں دینی مدارس کی نمائندہ تنظیم ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں