ایمپائرسٹیٹ بلڈنگ ٹاور پر روسی جوڑے کی منگنی،گرفتارکرلیا گیا
امریکا کے شہر نیویارک میں ایک روسی جوڑے نے دنیا کی مشہور ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے 1454 فٹ بلند ٹرانسمیشن ٹاور پر غیرقانونی طور پر چڑھ کر عالمی توجہ حاصل کر لی۔ دونوں نے چوٹی پر "دنیا میں امن" کا پیغام درج بینر لہرایا، پھر وہیں منگنی کی، تاہم نیچے اترنے کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں روسی شہری اینجیلا نیکولاؤ اور وانیا بیرکس سیاہ لباس اور چہرے ڈھانپے ہوئے عمارت کے عوام کے لیے ممنوعہ ٹرانسمیشن ٹاور کی چوٹی تک پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایک بڑا سیاہ بینر کھولا، جس پر درج تھا: "جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی تو دنیا امن کو پہچان لے گی۔
یہ جملہ عام طور پر معروف موسیقار جمی ہینڈرکس سے منسوب کیا جاتا ہے، تاہم مؤرخین کے مطابق اس کا اصل خالق برطانوی سیاست دان ولیم گلیڈ اسٹون تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق اس دوران آبزرویشن ڈیک پر موجود سیاح دونوں کو سینکڑوں فٹ بلندی پر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ پولیس نے احتیاطاً آبزرویشن ڈیک خالی کرا لیا، اطراف کی سڑکیں عارضی طور پر بند کر دیں اور ایک پولیس ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی کرتا رہا۔
کچھ دیر بعد دونوں ایک پلیٹ فارم تک اترے، جہاں وانیا بیرکس نے گھٹنے کے بل بیٹھ کر اینجیلا نیکولاؤ کو شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور بوسہ دیا، جبکہ بعد ازاں اینجیلا نے اپنی نقاب بھی اتار دی۔ اس پوری مہم کی ویڈیوز اور تصاویر بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔
اینجیلا نیکولاؤ خود کو "شناخت، خوف اور آزادی کو دریافت کرنے والی نیو آرٹسٹ" قرار دیتی ہیں۔ دونوں اس سے قبل بھی سان فرانسسکو کے بے برج اور ملائیشیا کی مردیکا 118 سمیت کئی بلند عمارتوں پر چڑھنے کی وجہ سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم Skywalkers: A Love Story بھی 2024 میں ریلیز ہو چکی ہے۔
نیویارک پولیس کے مطابق دونوں کو بغیر کسی مزاحمت کے حراست میں لیا گیا اور ان پر مختلف الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ممنوعہ حصے تک کیسے پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی انتظامیہ نے واقعے کو غیر مجاز کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت میں باقاعدہ اجازت کے ساتھ ایک ہزار ڈالر کا "Happily Ever Empire Proposal Package" بھی دستیاب ہے، جہاں محفوظ انداز میں شادی کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔