فلوریڈا میں دریا میں نہاتے ہوئے خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک
امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک جنگلاتی علاقے میں دریا میں نہاتے ہوئے 31 سالہ خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک ہو گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اپنے ایک دوست اور ایک سہیلی کے ساتھ دریا میں موجود تھی کہ اچانک تقریباً 3 فٹ گہرے پانی میں موجود ایک بڑے مگرمچھ نے اس پر حملہ کر دیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق مگرمچھ نے پہلے خاتون کا بازو اپنے جبڑوں میں جکڑا اور پھر اپنی مخصوص گھومنے والی حرکت (ڈیٹھ رول) کے ذریعے اسے پانی میں کھینچ لیا۔
خاتون کے دوست نے جان پر کھیل کر اسے مگرمچھ کے چنگل سے نکال لیا، تاہم اس دوران اس کا ایک بازو مکمل طور پر جسم سے الگ ہو چکا تھا جبکہ دوسرا بازو بھی شدید زخمی ہو گیا تھا۔
واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کو ہنگامی کال کے ذریعے فوری مدد کے لیے بلایا گیا۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
حادثے کے بعد جنگلی حیات کے حکام نے احتیاطی کارروائی کرتے ہوئے علاقے سے 12 اور 13 فٹ لمبے دو مگرمچھ پکڑ لیے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ خاتون یا اس کے ساتھیوں نے مگرمچھ کو چھیڑا یا اسے اشتعال دلایا ہو۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔