جیل اصلاحات کرنی ہیں تو آغاز اڈیالہ جیل سے کیا جائے، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اگر جیل اصلاحات کرنی ہیں تو اس کا آغاز اڈیالہ جیل سے کیا جائے، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اہلِ خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد میں جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر ملاقات کے لیے آنے والے افراد کے لیے مناسب انتظار گاہ قائم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت جیل میں متاثر ہوئی، وہ ناحق قید ہیں، ان کے بھی بنیادی حقوق ہیں اور ان کا علاج ان کے ذاتی معالجین سے کرایا جانا چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کی جیلوں میں قیدیوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری نظام میں جلسے جلوس کی اجازت ہوتی ہے، لیکن یہاں جلسہ کرنے پر ایف آئی آر درج کر دی جاتی ہے۔ ان کے بقول کم عمر بچوں کے خلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں، اس لیے جیل اصلاحات کا آغاز بھی اڈیالہ جیل سے ہونا چاہیے۔