جیلوں کی حالت بہتر بنانا صوبوں کی آئینی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ جیلوں کی حالتِ زار بہتر بنانا آئینی طور پر صوبوں کی ذمہ داری ہے، جبکہ نظامِ انصاف میں قیدیوں کے حقوق کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
اسلام آباد میں جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کانفرنس کے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ زیرِ التوا مقدمات کو نمٹانے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظامِ انصاف میں احتساب کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ عدالتی نظام کا اہم حصہ ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جیلوں میں صحت کی معیاری سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی ناگزیر ہے، جبکہ فوجداری نظامِ انصاف کسی بھی معاشرے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے صوبائی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اصلاحات کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔