5 جولائی 1977ء پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ دن ہے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ء پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ دن تھا، جب عوام کے مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آمریت نے یہ سمجھا تھا کہ وہ عوام کی آواز کو دبا دے گی، لیکن شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور بے شمار جمہوریت پسند کارکنوں کی قربانیوں نے ثابت کر دیا کہ حق، آئین اور عوامی حاکمیت کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ 49 برس گزرنے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اس عزم پر قائم ہے کہ آئین کی بالادستی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، ووٹ کے تقدس، پارلیمانی جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کا حقیقی خراج یہی ہے کہ آمریت اور نفرت کی ہر شکل کو مسترد کرتے ہوئے ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کا سفر جاری رکھا جائے۔