سابق افغان فاسٹ بولر شپور زادران 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
افغانستان کے سابق انٹرنیشنل فاسٹ بولر شپور زادران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شپور زادران 7 جولائی کو نئی دہلی میں اپنی 39ویں سالگرہ سے ایک دن قبل انتقال کر گئے۔
چھ فٹ سے زائد قد کے حامل شپور زادران اپنی جارحانہ فاسٹ بولنگ اور لمبے لہراتے بالوں کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں خاصے مقبول تھے۔ انہیں افغانستان کرکٹ کے ابتدائی عروج کے دور کے اہم بولرز میں شمار کیا جاتا تھا۔
بطور مہاجر وہ پاکستان کے شہر پشاور میں مقیم رہے، جہاں سے انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کے ابتدائی ساتھیوں میں معروف افغان کرکٹرز محمد نبی، اصغر افغان اور دولت زادران شامل تھے۔
انہوں نے 2009 سے 2020 کے درمیان افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ (ون ڈے) اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
رپورٹس کے مطابق وہ نئی دہلی کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں ہیموفاگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس (HLH) نامی ایک نایاب اور سنگین مدافعتی بیماری کا علاج کروا رہے تھے۔