Pakistan

ہاشم نورزئی قتل کیس،مرکزی ملزم سمیت 5 افراد گرفتار

ہاشم نورزئی قتل کیس،مرکزی ملزم سمیت 5 افراد گرفتار
۲ گھنٹے پہلے

کوئٹہ میں اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن ونگ (ایس سی آئی ڈبلیو) نے محمد ہاشم نورزئی قتل کیس کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی 16 کروڑ روپے کے کاروباری تنازع کے باعث کی گئی۔

 

ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، ایس ایس پی ایس سی آئی ڈبلیو دوست محمد بگٹی اور ایس ایس پی آپریشنز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جدید سائنسی طریقہ تفتیش کی مدد سے ہاشم نورزئی قتل کیس کو کامیابی سے حل کیا گیا۔

 

ڈی آئی جی عمران شوکت کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر قتل کے مرکزی ملزم حکمت اللہ نورزئی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کا بھائی سعد اللہ نورزئی تاحال مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ ہاشم نورزئی کے قتل کی منصوبہ بندی 16 کروڑ روپے کے کاروباری تنازع پر کی گئی تھی۔ مرکزی ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کلاشنکوف، ایل ایم جی اور دیگر جدید اسلحہ برآمد کر لیا۔

 

ڈی آئی جی کے مطابق سریاب روڈ سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مزید 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے 4 رائفلیں اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ واردات میں استعمال ہونے والی ریوو گاڑی کی برآمدگی کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

 

عمران شوکت نے بتایا کہ ایس سی آئی ڈبلیو نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران کوئٹہ میں ہونے والے 5 اندھے قتل (بلائنڈ مرڈر) کیسز کامیابی سے ٹریس کیے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ گوالمنڈی قتل کیس میں ملزم سید نعیم شاہ کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کیا گیا، جبکہ زرغون آباد قتل کیس میں ملزم شاہ محمد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بھی آلہ قتل برآمد کیا گیا۔

 

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق شالکوٹ قتل کیس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ اسی طرح شالکوٹ ڈبل مرڈر کیس میں ایک ملزم گرفتار ہو چکا ہے اور دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جدید سائنسی تفتیش، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور پیشہ ورانہ تحقیقات کے باعث سنگین جرائم کے مقدمات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں