Pakistan

اسلام آباد: حاملہ خاتون کی مبینہ موت، والدہ کے سسرالیوں پر سنگین الزامات

اسلام آباد: حاملہ خاتون کی مبینہ موت، والدہ کے سسرالیوں پر سنگین الزامات
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد میں حاملہ خاتون ثناء کی ہلاکت کے معاملے میں والدہ بانو رانی نے الزام عائد کیا ہے کہ سسرالیوں نے اسپتال لے جانے کے بجائے گھر پر زبردستی ڈیلیوری کرائی، جس کے نتیجے میں ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئی۔

 

والدہ کے مطابق، بیٹی کی موت کے بعد سسرالیوں نے لاش حوالے کرنے کے بجائے انہیں اور ان کے شوہر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مقتولہ کو زبردستی دفنا دیا۔

 

بانو رانی نے تھانہ بہارہ کہو میں درخواست دائر کرتے ہوئے ساس نازیہ، سسرالی رشتہ دار فوزیہ، لاریب اور دائی پروین کے خلاف قانونی کارروائی کی استدعا کی ہے۔

 

درخواست کے مطابق، ڈیلیوری کا وقت قریب آنے پر سسرال والوں نے ثناء کو اسپتال لے جانے سے انکار کر دیا۔ والدہ کا کہنا ہے کہ ثناء کو دائی کے ساتھ تقریباً تین گھنٹے کمرے میں بند رکھا گیا، جہاں وہ درد سے چیختی رہی۔

 

والدہ نے بتایا کہ جب انہوں نے بیٹی کو دیکھا تو اس کے اعضاء جسم سے باہر آئے ہوئے تھے۔ بعد ازاں حالت تشویش ناک ہونے پر شوہر اسے پہلے ایک نجی اسپتال اور پھر ہولی فیملی اسپتال لے گیا۔

 

درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ بیٹی کی لاش مانگنے پر سسرالیوں نے والدین پر تشدد کیا۔

 

واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دائی کی ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں اس نے ڈیلیوری کرانے کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ بار بار خاتون کو اسپتال منتقل کرنے پر زور دیتی رہی، تاہم سسرالیوں نے نہ صرف انکار کیا بلکہ مقتولہ پر تشدد بھی کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں