Pakistan

محکمہ فوڈ سیفٹی کے چھاپے، امپورٹڈ ایکسپائرڈ اور جعلی اشیاء برآمد

محکمہ فوڈ سیفٹی کے چھاپے، امپورٹڈ ایکسپائرڈ اور جعلی اشیاء برآمد
۱ گھنٹے پہلے

پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ نے لاہور کے مختلف علاقوں میں ایکسپائرڈ اور جعلی اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے گوداموں اور خفیہ پلانٹس پر چھاپے مار کر بڑی کارروائی کی۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ گلبرگ لاہور میں امپورٹڈ ایکسپائرڈ چاکلیٹس، ویفرز، بسکٹس اور دیگر اشیاء کی ایکسپائری ڈیٹس تبدیل کر کے انہیں بڑے اسٹورز پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 

موقع پر موجود مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا، "آپ ڈھیٹ بھی ہیں، پکڑے بھی گئے ہیں، ایک تو چور ہیں اور اوپر سے جھوٹ بھی بول رہے ہیں۔" انہوں نے مالک کا یہ دعویٰ مسترد کر دیا کہ سامان بیلجیم سے درآمد کیا گیا تھا اور اس کی تاریخ خود بخود مٹ گئی تھی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مالک کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے، تمام اشیاء تلف کی جائیں اور گودام کو سیل کر دیا جائے۔

 

کارروائی کے دوران ایک اور جعلسازی بھی سامنے آئی، جہاں پروڈکٹ کی بیرونی پیکنگ پر ایکسپائری فروری 2027 درج تھی جبکہ اندر موجود پیکٹس پر مینوفیکچرنگ کی تاریخ 9 اکتوبر 2026 اور ایکسپائری 2025 درج تھی۔ واضح جعلسازی سامنے آنے پر سلمیٰ بٹ نے مالک کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

 

ایک اور کارروائی میں ٹاؤن شپ لاہور میں ایک خفیہ پلانٹ پکڑا گیا جہاں امپورٹڈ پرنگلز چپس، جعلی نیوٹیلا چاکلیٹ اسپریڈ اور لوٹس بسکوف بسکٹس کی ایکسپائری ڈیٹس تبدیل کر کے فروخت کیے جا رہے تھے۔ وہاں بھی بڑی مقدار میں اشیاء تلف کر دی گئیں جبکہ مالک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

 

سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور کے ایک گودام پر چھاپے کے دوران بچوں کی کینڈیز، بسکٹس، جیلیز، چپس سمیت 77 مختلف مصنوعات کا 44 ٹن ایکسپائرڈ مال برآمد کیا گیا۔ یہ تمام اشیاء 2022 سے 2024 کے درمیان ایکسپائر ہو چکی تھیں اور انہیں نئے اسٹاک کے ساتھ ملا کر رکھا گیا تھا۔

 

حکام کے مطابق گودام مینیجر نے اعتراف کیا کہ ایکسپائرڈ مال ڈیلرز خریدتے ہیں، اس کی ایکسپائری ڈیٹس تبدیل کرتے ہیں اور بعد میں مارکیٹ میں فروخت کر دیتے ہیں۔

 

سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق شہریوں، خصوصاً بچوں، کو محفوظ خوراک فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اشیائے خورونوش خریدتے وقت ان کی ایکسپائری ڈیٹس ضرور چیک کریں اور مشکوک مصنوعات کی اطلاع پنجاب فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو دیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں