دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے یکسو ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشت گردی کے سنگین واقعات میں پولیس اہلکاروں، پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے آخری عنصر کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ بعض دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے اور دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گرد عناصر افغان سرزمین بھی استعمال کر رہے ہیں، جس پر سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں جبکہ گزشتہ سال مئی میں حاصل ہونے والی کامیابیاں بھی مخالف عناصر کو کھٹک رہی ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بعد پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا ثمر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی صورت میں سامنے آئے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچے تو گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا جبکہ وفاقی وزراء بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورۂ کوئٹہ کے دوران وزیراعظم نے ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بلوچستان میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے اور دیگر سیکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔