یونان میں دورانِ پرواز فوجی لڑاکا طیارے میں آگ گئی
یونان کے ایک مشہور سیاحتی جزیرے پر ایک فوجی لڑاکا طیارے میں دورانِ پرواز اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زاکینتھوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کر لی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے انجن اور پروں سے شعلے نکلتے ہوئے زمین سے بھی واضح طور پر دیکھے گئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارہ رن وے پر اترنے کے بعد بھی شعلوں کی لپیٹ میں تھا، جبکہ آگ رن وے کے ایک بڑے حصے تک پھیل گئی۔
ایئرپورٹ پر موجود فائر بریگیڈ اور ہنگامی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو گھیر لیا اور آگ پر قابو پا لیا۔
واقعے میں پائلٹ مکمل طور پر محفوظ رہا اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔
طیارہ رن وے پر موجود ہونے کے باعث یونانی ایئرپورٹ سے کئی مسافر پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ متعدد پروازوں میں تاخیر بھی ہوئی۔
حکام نے تاحال دورانِ پرواز آگ لگنے کی حتمی وجہ نہیں بتائی، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔