اداکار راجپال یادو کوچیک باؤنس کیس میں 3 ماہ قید کی سزا
دہلی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو 9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس میں 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ساتوں مقدمات میں اداکار کو الگ الگ 3 ماہ قید اور شکایت کنندہ کو ہر کیس میں 1 کروڑ 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں راجپال یادو کو مجموعی طور پر بھاری مالی ادائیگیوں کا پابند بھی بنایا اور حکم دیا کہ شکایت کنندہ کو ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ ریاست کو 25 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔ اس کے علاوہ اداکار کی اہلیہ رادھا یادو کو بھی ہر مقدمے میں 5 لاکھ 51 ہزار 380 روپے شکایت کنندہ کو ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ راجپال یادو کی جانب سے پہلے ہی ادا کیے گئے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے حتمی واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کر دیے جائیں گے۔
سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے فریقین کے درمیان تصفیے کی متعدد کوششیں کیں اور شکایت کنندہ نے 6 کروڑ روپے میں معاملہ نمٹانے پر آمادگی بھی ظاہر کی، تاہم راجپال یادو نے یہ پیشکش مسترد کر دی۔ اداکار کا مؤقف تھا کہ وہ پہلے ہی بھاری مالی نقصان اٹھا چکے ہیں، اپنی جائیداد فروخت کر چکے ہیں اور بڑی رقم ادا کر چکے ہیں۔
یہ قانونی تنازع اس وقت شروع ہوا جب راجپال یادو کی 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم 'اتا پتا لاپتا' ناکام ہوگئی، جس کے بعد ان کے ذمے واجب الادا رقم بڑھتے بڑھتے تقریباً 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
اداکار کے وکیل کے مطابق راجپال یادو اس مقدمے میں اب تک ڈھائی کروڑ روپے ادا کر چکے ہیں، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ چیک باؤنس سے پیدا ہونے والی مالی ذمہ داریاں سزا پوری ہونے کے باوجود ختم نہیں ہوتیں۔