یوکرین کا 28 روسی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
یوکرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرۂ ازوف میں تقریباً 28 روسی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی آٹو پائلٹ سسٹمز فورسز (USF) کے کمانڈر رابرٹ برووڈی نے کہا کہ اضافی جاسوسی کا عمل جاری ہے اور حتمی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
روس کے روسٹوو ریجن کے گورنر یوری سلیوسار نے تصدیق کی کہ آبنائے کرچ کے قریب چار جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ جہازوں میں کم از کم ایک آئل ٹینکر شامل تھا جبکہ ایک ملاح ہلاک ہو گیا۔
یوکرین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ چھ دنوں کے دوران روس کے نام نہاد "شیڈو فلیٹ" سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 76 ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب رائٹرز کے مطابق روس نے یوکرین کے بڑے ڈرون حملے کے بعد ازوف-ڈان شپنگ کینال کو بند کر دیا ہے۔
مزید برآں، روسی بارڈر سروس نے دریائے ڈان کو بحیرۂ ازوف سے ملانے والی نہر کے ذریعے جہازوں کی آمدورفت کے لیے نئی درخواستیں وصول کرنا بھی بند کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آبنائے کرچ سے جہازوں کی آمدورفت بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔