قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کر گئے
قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
قطر کے شاہی دیوان (امیری دیوان) نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آج صبح انتقال کر گئے۔
امیری دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر کامل ایمان کے ساتھ قوم کے اس عظیم نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، جبکہ مرحوم امیر کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا بھی کی گئی۔
شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
ان کے دورِ حکومت میں قطر نے معاشی ترقی، سفارتی اثر و رسوخ اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ ملک نے عالمی سطح پر بھی اپنی اہمیت میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔
2013 میں انہوں نے رضاکارانہ طور پر اقتدار اپنے صاحبزادے اور موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا، جسے خطے میں اقتدار کی پُرامن منتقلی کی ایک اہم مثال قرار دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رہنما نے پاکستان اور قطر کے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ خطے میں امن کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔