وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی ہم منصب کا رابطہ، کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری پر زور
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے برقرار رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔