آزاد کشمیر انتخابات: الیکشن کمیشن کا بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا جائزہ اجلاس
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے رکن سید نظیر الحسن گیلانی نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کر کے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل کا جائزہ لیا۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جموں اور ویلی کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے 33 انتخابی حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ تیزی سے جاری ہے اور جلد مکمل کر لی جائے گی۔
سید نظیر الحسن گیلانی نے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مراحل مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ انتخابی شیڈول کے مطابق بیلٹ پیپرز کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
دورے کے دوران ایس ایس پی سکیورٹی سید ریاض بخاری نے بیلٹ پیپرز کی حفاظت اور محفوظ ترسیل کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن کے رکن نے ہدایت کی کہ پرنٹنگ، پیکنگ، ترسیل اور سکیورٹی کے تمام مراحل میں شفافیت، احتیاط اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔