فری فلسطین پر تبصرہ، سیف علی خان سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ایک انٹرویو کے دوران "فری فلسطین" سے متعلق کیے گئے تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے۔
انٹرویو کے دوران صحافی انوپما چوپڑا نے بتایا کہ وہ ہالی ووڈ اداکار خاویر بارڈیم سے متعلق ایک قول کا حوالہ دینا چاہتی ہیں، تاہم سیف علی خان نے بات کاٹتے ہوئے مزاحیہ انداز میں پوچھا، "کیا وہ فری فلسطین ہے؟"
اس پر انوپما چوپڑا ہنس پڑیں اور جواب دیا "نہیں"، جس کے بعد سیف علی خان نے بھی مسکراتے ہوئے کہا، "معذرت، میں صرف سوچ رہا تھا، یہ بھی تو ان کا ایک مشہور جملہ ہے۔"
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
متعدد صارفین نے سیف علی خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "فری فلسطین" فلسطینی عوام کے حقوق اور آزادی کی حمایت کی ایک عالمی تحریک ہے، جسے مذاق یا ہلکے انداز میں پیش کرنا مناسب نہیں۔
دوسری جانب بعض صارفین کا کہنا تھا کہ سیف علی خان کا مقصد صرف خاویر بارڈیم کے معروف مؤقف کا حوالہ دینا تھا، تاہم اس حساس موضوع پر ہنسی مذاق نے گفتگو کا تاثر متاثر کیا۔
واضح رہے کہ ہسپانوی اداکار خاویر بارڈیم فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے معروف ہیں اور مختلف بین الاقوامی تقریبات میں "فری فلسطین" کے حق میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔