خیبرپختونخوا میں بلدیاتی حلقہ بندیاں مکمل، الیکشن کی تاریخ پر 15 روز بعد دوبارہ مشاورت
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکرٹری الیکشن کمیشن، خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی حکومتوں کا قیام آئینی تقاضا ہے اور بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہو چکی ہے۔ الیکشن کمیشن 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر چکا ہے اور انتخابات کرانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لیے سمری فوری طور پر صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس سمری کی کاپی طلب کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ انتخابات کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے لیے 15 روز بعد دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔