Breaking News

پاکستان عالمی مصنوعی ذہانت تنظیم’وائیکو‘ کابانی رُکن بن گیا

پاکستان عالمی مصنوعی ذہانت تنظیم’وائیکو‘ کابانی رُکن بن گیا
۱۱ دن پہلے

پاکستان نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے عالمی تنظیم ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کی بانی رکنیت حاصل کر لی ہے۔

 

شنگھائی میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران پاکستان سمیت دنیا کے 29 ممالک نے تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔

 

یہ نئی بین الحکومتی تنظیم مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی تعاون، مشترکہ گورننس اور ٹیکنالوجی کی منصفانہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گی، جبکہ اس کا مقصد اے آئی کے فوائد کو محفوظ اور مساوی انداز میں دنیا بھر تک پہنچانا ہے۔

 

رکن ممالک نے مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال، بین الاقوامی تکنیکی معیارات کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی میں منعقدہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 2026 (WAIC) کی افتتاحی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستانی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

 

افتتاحی تقریب سے چین کے صدر شی جن پنگ نے خطاب کیا، جبکہ تقریب تنظیم کے بانی اراکین کی جانب سے معاہدے پر دستخط کے بعد منعقد ہوئی۔

 

پاکستان نے اس موقع پر مصنوعی ذہانت کی جامع، منصفانہ اور ذمہ دار عالمی گورننس کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے لیے ٹیکنالوجی تک رسائی، استعداد کار میں اضافے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ڈیجیٹل تقسیم کم ہو اور اے آئی کے فوائد تمام ممالک تک یکساں طور پر پہنچ سکیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں