Entertainment

انیقہ معراج مس ورلڈ 2026ء میں پاکستان کی پہلی نمائندہ بننے کے لیے تیار

انیقہ معراج مس ورلڈ 2026ء میں پاکستان کی پہلی نمائندہ بننے کے لیے تیار
۵ گھنٹے پہلے

مس ورلڈ پاکستان 2026ء کا تاج اپنے نام کرنے والی انیقہ معراج پہلی بار مس ورلڈ مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ وہ رواں سال ویتنام میں منعقد ہونے والے مس ورلڈ فیسٹیول کے 75ویں سالگرہ ایڈیشن میں شرکت کریں گی، جو مس ورلڈ کی تاریخ میں پاکستان کی پہلی شرکت ہوگی۔

 

مس ورلڈ کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری بیان کے مطابق فیسٹیول 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہوگا، جہاں دنیا بھر سے امیدوار مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

 

24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس میں گریجویٹ ہیں، جبکہ ان کی تعلیمی تخصص اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ میں ہے۔ انہوں نے اپنے مستقبل کے اہداف کے بارے میں کہا کہ وہ اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننا چاہتی ہیں اور بچوں کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں تاکہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

 

انیقہ معراج کی تاج پوشی کی تقریب حال ہی میں لاہور کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022ء ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر نے انہیں تاج پہنایا۔ مس پاکستان ورلڈ کے مطابق انیقہ معراج بیوٹی مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں، وہ اب تک 6 بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں اور 4 اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔

 

اگرچہ مس ورلڈ مقابلے میں یہ پاکستان کی پہلی شرکت ہوگی، تاہم حالیہ برسوں میں پاکستان کی نمائندگی دیگر عالمی مقابلۂ حسن، بشمول مس یونیورس، میں بھی ہو چکی ہے، جہاں ایریکا رابن اور روما ریاض پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ منتظمین کے مطابق ویتنام میں انیقہ معراج کی شرکت مس ورلڈ کے عالمی اسٹیج پر پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں