فیفا کی نئی رینکنگ،سپین کی پہلی پوزیشن،ناروے کی لمبی چھلانگ
فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے اختتام کے بعد قومی ٹیموں کی نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی، جس میں عالمی چیمپئن سپین نے ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے ارجنٹینا سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
فیفا کی تازہ درجہ بندی کے مطابق ارجنٹینا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی، جبکہ فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔
رینکنگ کے مطابق برازیل اور مراکش نے بھی ایک، ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر جگہ بنا لی، جبکہ پرتگال دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی۔
ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی میکسیکو کی ٹیم چار درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئی، جو نئی رینکنگ کی نمایاں پیش رفتوں میں سے ایک ہے۔
فیفا کے مطابق ناروے نے سب سے بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 12 درجے ترقی حاصل کی اور اب عالمی درجہ بندی میں 19ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔