طلبہ احتجاج پر پریتی زنٹا کی پوسٹ پر شدید تنقید
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے طلبہ احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر اظہارِ خیال کرنا مہنگا پڑ گیا۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ طلبہ کی حمایت اور تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ ضروری ہے، تاہم یہ بھی یقینی بنایا جانا چاہیے کہ پرامن احتجاج کو ملک دشمن عناصر افراتفری پھیلانے اور اس کی نوعیت تبدیل کرنے کے لیے استعمال نہ کریں۔
پریتی زنٹا نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلتی نفرت دیکھ کر انہیں تشویش ہو رہی ہے اور وہ سوچ رہی ہیں کہ کہیں ملک کے اندر اور باہر موجود عناصر طلبہ کے غصے اور مایوسی کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال تو نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ محنت، مساوات، جمہوریت اور اپنی حکومت پر یقین رکھتی ہیں اور امید کرتی ہیں کہ تمام فریق بامعنی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں گے تاکہ نوجوانوں اور جمہوریت کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
اداکارہ کی یہ پوسٹ شیئر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں متعدد بھارتی صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومت کے مؤقف کی حمایت میں ایک "اسکرپٹڈ پوسٹ" شیئر کی ہے، جبکہ بعض صارفین نے مطالبہ کیا کہ مشہور شخصیات یا تو آزادانہ طور پر اپنی رائے دیں یا پھر ایسے حساس معاملات پر خاموش رہیں۔