کانگو میں باغیوں کے حملے میں 16 افراد ہلاک
جمہوریہ کانگو کے اتوری صوبے کے ایک گاؤں میں الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (ADF) کے باغیوں کے تازہ حملے میں سونے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ حملہ سہ پہر صوبائی دارالحکومت بونیا سے تقریباً 165 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ممباسا کے علاقے کے مانڈیائٹ گاؤں میں کیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق حملہ آوروں نے گاؤں پر دھاوا بول کر متعدد افراد کو نشانہ بنایا۔
مقامی اہلکار جانویر کنیونگی نے بونیا میں صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سونے کی کان میں کام کرنے والے کان کن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد عارضی ہے کیونکہ آس پاس کے علاقوں سے اب بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
حکام کے مطابق اس حملے سے قبل باغیوں نے اسی علاقے سے کئی افراد کو اغوا بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (ADF) کو جمہوریہ کانگو میں شہری آبادی کے لیے سب سے بڑے سیکیورٹی خطرات میں شمار کیا جاتا ہے۔
سیکیورٹی حکام کی گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق جون کے مہینے میں اے ڈی ایف کے باغیوں نے 62 شہریوں کو ہلاک جبکہ 57 افراد کو اغوا کیا تھا۔