سعودی عرب سے جوہری معاہدہ، ٹرمپ نے ابراہیمی معاہدے میں شمولیت کی شرط رکھ دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری معاہدے کی منظوری کو ابراہیمی معاہدے میں سعودی عرب کی شمولیت سے مشروط کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی محکمۂ توانائی اور سعودی عرب کے درمیان سول جوہری معاہدے کی منظوری دی جائے گی، تاہم اس معاہدے پر عملدرآمد مکمل طور پر اس بات سے مشروط ہوگا کہ سعودی عرب ابراہیمی معاہدوں میں شامل ہو۔
انہوں نے کہا کہ امریکا غیر افزودہ سول جوہری تنصیبات کے خلاف نہیں ہے اور سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے سول جوہری معاہدے میں جوہری مواد کی افزودگی شامل نہیں ہوگی۔
ٹرمپ کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ سول جوہری معاہدہ صرف پرامن اور غیر فوجی مقاصد کے لیے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دیگر ممالک کے پاس بھی اس نوعیت کے سول جوہری معاہدے پہلے سے موجود ہیں۔