وکرانت نے دیپیکا کے ساتھ کام کرنے سے ہچکچانے کی وجہ بتا دی
اداکار وکرانت میسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ فلم ’چھپاک‘ میں کام کرنے سے ابتدا میں ہچکچا رہے تھے کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ ان کی جوڑی سکرین پر اچھی نہیں لگے گی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وکرانت میسی نے بتایا کہ 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چھپاک‘ کے وقت وہ خوداعتمادی کی کمی کا شکار تھے۔ ان کے مطابق انہیں محسوس ہوتا تھا کہ دیپیکا پاڈوکون بہت بڑی سپر سٹار ہیں اور دونوں کا قد بھی تقریباً ایک جیسا ہے، اسی وجہ سے انہیں خدشہ تھا کہ وہ سکرین پر ایک اچھی جوڑی ثابت نہیں ہوں گے۔
اداکار نے بتایا کہ انہی خدشات کی بنا پر انہوں نے فلم چھوڑنے کا بھی فیصلہ کر لیا تھا، تاہم فلم کی ہدایتکار میگھنا گلزار نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور یقین دلایا کہ دونوں کی جوڑی سکرین پر بہترین نظر آئے گی۔
وکرانت میسی نے کہا کہ میگھنا گلزار سمیت کئی ہدایتکاروں نے ان پر اعتماد کیا، جس سے ان کی خوداعتمادی میں اضافہ ہوا اور انہیں مشکل کردار ادا کرنے کا حوصلہ ملا۔
واضح رہے کہ فلم ’چھپاک‘ میں وکرانت میسی نے امول نامی سماجی کارکن کا کردار ادا کیا تھا، جو تیزاب گردی کا شکار ایک لڑکی کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دیتا ہے۔ فلم میں ان کی اداکاری اور دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ ان کی کیمسٹری کو ناقدین اور ناظرین دونوں نے سراہا۔