Entertainment

اداکارہ روما مائیکل اوراداکار شان بیگ رشتۂ ازدواج میں منسلک

اداکارہ روما مائیکل اوراداکار شان بیگ رشتۂ ازدواج میں منسلک
۲ دن پہلے

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل روما مائیکل اور اداکار شان بیگ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ دونوں نے اپنی شادی کی خوشخبری سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

 

شان بیگ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر روما مائیکل کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی، جس پر "Wifey" کا اسٹیکر بھی موجود تھا۔ بعد ازاں روما مائیکل نے بھی یہی تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ری پوسٹ کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کر دی۔

 

شادی کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جن میں سے متعدد پیغامات روما مائیکل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر بھی شیئر کیے۔

 

بعد ازاں شان بیگ نے اپنے مداحوں کے نام ایک پیغام میں بتایا کہ ان کی سابقہ ازدواجی زندگی کافی عرصہ قبل عدالت سے باہر باہمی رضامندی سے ختم ہو چکی تھی اور وہ اور ان کی سابقہ شریکِ حیات اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ انہوں نے امید، خوشی اور شکرگزاری کے ساتھ اپنی زندگی کا نیا باب شروع کیا ہے اور درخواست کی کہ افواہوں، قیاس آرائیوں اور غیر ضروری موازنوں سے گریز کیا جائے، جبکہ ان کی سابقہ شریکِ حیات سمیت تمام متعلقہ افراد کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

 

شان بیگ نے مزید کہا کہ بطور والد اپنی ذمہ داریاں، روما مائیکل کے ساتھ نئی ازدواجی زندگی اور مستقبل اب ان کی اولین ترجیحات ہیں۔

 

واضح رہے کہ شان بیگ پاکستان کے معروف اداکار ہیں اور حال ہی میں ہالی ووڈ سیریز Delhi Boys کے دوسرے سیزن کا بھی حصہ بنے ہیں۔ 

 

دوسری جانب روما مائیکل پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ ہیں، جنہوں نے 2023ء اور 2024ء میں Miss Charm اور Miss Grand مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ وہ متعدد ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں