پٹرولیم قیمتوں کیخلاف7 اگست کو ملک بھر میں سڑکیں بند کرینگے،جماعت اسلامی
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے "بھتہ ٹیکس" وصول کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں سڑکیں بند کی جائیں گی۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ لیوی کے نام پر وصول کیا جانے والا ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ان کے مطابق 7 اگست کو مزارِ قائد سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا جائے گا، جس کے ذریعے حکمرانوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ عوام احتجاج کرتے ہیں لیکن حکمرانوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کو سہولت فراہم کر رہی ہیں، جبکہ آئینی ترامیم منظور کرانے کے وقت تمام جماعتیں متحد ہو جاتی ہیں، مگر عوامی مسائل پر ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتی رہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں مون سون کی بارش شروع ہوتے ہی شہر کا نظام درہم برہم ہو گیا اور بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی 200 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھاری بجلی کے بل اور مختلف ٹیکس ادا کرنے کے باوجود کراچی کے شہری اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میئر کراچی عملی اقدامات کے بجائے صرف بیانات دے رہے ہیں، جبکہ شہر بھر کا کچرا نالوں میں پھینکا جا رہا ہے، جس سے نکاسیٔ آب کا نظام مزید متاثر ہو رہا ہے۔