ججز کی فلاح و بہبود مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ججز انتہائی مشکل حالات میں اہم ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔
عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد صرف قوانین اور ادارے نہیں بلکہ ججز کی فلاح و بہبود بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی فلاح و بہبود محض ایک انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ عدالتی آزادی، ادارہ جاتی دیانت داری اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کی بنیاد ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آزاد، غیر جانبدار اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کو مضبوط ادارہ جاتی معاونت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ ترقی، جدید عدالتی ماحول اور مؤثر انتظامی نظام عدالتی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ پاکستان کی عدلیہ اپنے اصلاحاتی ایجنڈے میں عدالتی فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی، بہتر عدالتی انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی معاونت اور عدالتی تعلیم عدالتی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق ججز کو مضبوط بنانا درحقیقت نظامِ انصاف کو مضبوط بنانا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک بھر کے ججز کی دیانت داری، عزم اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔