آزاد کشمیر کو الیکٹرک بسوں کی فراہمی ، پی پی کا الیکشن کمیشن سے رجوع
پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کو 10 الیکٹرک بسیں دینے کے اعلان پر پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر سے رجوع کر لیا ہے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تصاویر والی الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر انتظامیہ کے حوالے کرنے کے معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے سیاسی رشوت دے کر انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد انتظامیہ کا اس نوعیت کا اقدام انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے خریدی گئی بسوں پر سیاسی شخصیات کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں اور سوال اٹھایا کہ کیا یہ بسیں جاتی امرا کے ذاتی اکاؤنٹ سے خریدی گئی ہیں؟
نیئر بخاری نے چیف الیکشن کمشنر سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلانے کے لیے این او سی جاری کیا جائے۔