Breaking News

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار
۱ منٹ پہلے

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر پانی کا بہاؤ مستحکم رہا ہے۔

 

 پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 2 لاکھ 73 ہزار، 3 لاکھ 13 ہزار اور 3 لاکھ 64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

 

 دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی آئی ہے اور اب خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 1 لاکھ 20 ہزار، 1 لاکھ 23 ہزار اور 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے، جبکہ مرالہ کے مقام پر پانی معمول کے مطابق ہے۔

 

 پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جبکہ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تاہم جسڑ، شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر صورتحال معمول پر ہے۔

 

 وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 5 ہزار اور 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ 

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ میں بارشیں رکنے سے طغیانی میں کمی آ رہی ہے۔

 

 انہوں نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس میں بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ 

 

شہریوں کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز، کشتیوں میں لائف جیکٹس کے استعمال اور بچوں کو پانی میں نہانے سے روکنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں