Breaking News

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، دریاؤں، ڈیموں ،بارشی پانی میں نہانے پر پابندی

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، دریاؤں، ڈیموں ،بارشی پانی میں نہانے پر پابندی
۱ منٹ پہلے

مون سون کی شدید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

 

 صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 

 

اس کے علاوہ گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے اور بغیر اجازت جھیلوں یا دریاؤں میں کشتی رانی کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ 

 

یہ تمام پابندیاں ضابطۂ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت آئندہ 60 روز تک نافذ رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ 

 

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدامات موجودہ موسمی حالات میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں، کیونکہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں اور کھلی جگہوں پر پانی جمع ہو چکا ہے، جس میں نہانے سے خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو شدید جانی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

 

 حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام آبی ذخائر میں پانی کی سطح بلند ہے، جس کے باعث تیراکی اور غیر قانونی کشتی رانی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

 

 صوبائی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں کے موسم میں احتیاط کریں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں