Breaking News

جنوبی افریقہ میں فائرنگ،2 سگے بھائیوں سمیت4 پاکستانی جاں بحق

جنوبی افریقہ میں فائرنگ،2 سگے بھائیوں سمیت4 پاکستانی جاں بحق
۲۲ گھنٹے پہلے

 جنوبی افریقہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں 2 سگے بھائیوں سمیت 4 پاکستانی شہری مسلح حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ 

 

مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق چاروں پاکستانی اپنی دکان بند کرنے کے بعد گاڑی میں گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

 

 واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 سگے بھائی ساجد احمد اور ظفر احمد سمیت 3 افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں بلہڑ سے تھا، جبکہ چوتھا پاکستانی ضلع سیالکوٹ کا رہائشی تھا۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

 

جنوبی افریقہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کے محرکات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں