یوٹیوب شارٹس کے لیے کسٹم تھمب نیل فیچر متعارف
یوٹیوب نے صارفین کی ایک دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے شارٹس ویڈیوز کے لیے کسٹم تھمب نیل فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے تخلیق کار اب اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے پسندیدہ تھمب نیل منتخب یا اپ لوڈ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد کریئیٹرز کو اپنی ویڈیوز زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے اور زیادہ ناظرین تک پہنچنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے وابستہ صارفین کو دی جا رہی ہے، جو اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرتے ہیں۔
یوٹیوب اسٹوڈیو استعمال کرنے والے صارفین کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ذریعے پہلے سے شائع شدہ شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیل بھی تبدیل کر سکیں گے، جبکہ انہیں ویڈیو کے تین تجویز کردہ فریمز میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کا آپشن بھی ملے گا۔ موبائل ایپ پر صارفین پہلے کی طرح ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تجویز کردہ تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے تاکہ ناظرین کی توجہ زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کی جا سکے۔ یوٹیوب نے بتایا ہے کہ مستقبل میں یہ فیچر مرحلہ وار مزید صارفین کے لیے بھی دستیاب کر دیا جائے گا۔