روبوٹکس اورمصنوعی ذہانت میں خود انحصاری کا قومی فیصلہ کر لیا،شزا فاطمہ
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت میں خود انحصاری حاصل کرنے کا قومی فیصلہ کر لیا ہے اور ملک مستقبل کی جدید ٹیکنالوجیز میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں دو روزہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن پر عمل پیرا ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی کو قومی ترقی، روزگار اور معاشی مسابقت کا بنیادی ذریعہ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ذہین ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو رہی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس صنعت، زراعت، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، قدرتی آفات سے نمٹنے اور قومی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق جو ممالک ان ٹیکنالوجیز میں مہارت حاصل کریں گے، وہی مستقبل کی معیشت کی قیادت کریں گے، جبکہ پاکستان نے محض صارف بننے کے بجائے رہنما بننے کا راستہ اختیار کیا ہے۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ رواں سال پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدات میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ملک نے آئی ٹی یو کی سائبر سیکیورٹی درجہ بندی، ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس اور آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس میں بھی نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت، اختراعی نظام، اسٹارٹ اپس اور نوجوانوں کی مہارتوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
ان کے مطابق رواں سال تقریباً 10 لاکھ نوجوانوں کو بنیادی ڈیجیٹل مہارتوں سے لے کر سیمی کنڈکٹر اور چپ ڈیزائن جیسے جدید شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ قومی اے آئی پالیسی اور نیشنل اے آئی انیشی ایٹو کے تحت ڈیٹا، کمپیوٹنگ، محفوظ انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کے پورے نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روبوٹکس کے لیے مزید سنٹرز آف ایکسیلنس، حقیقی ماحول میں آزمائشی مراکز، اسٹارٹ اپس کے لیے مالی معاونت، سرکاری خریداری کے مواقع اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی پر مبنی شراکت داری ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اب صرف سرحدوں کے دفاع سے نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجیز پر ملکی مہارت اور اختیار سے بھی وابستہ ہے، اور یہی شعبے ملک کو ترقی کی نئی منازل تک پہنچائیں گے۔