سلمان خان کیس جیت گئے، فلم 'کالا ہرن' کاتشہیری مواد فوری ہٹانے کا حکم
بالی وڈ اداکار سلمان خان فلم 'کالا ہرن' کیس میں قانونی جنگ جیت گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے کالے ہرن کیس سے ملتی جلتی فلم 'کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی' بنائی جا رہی تھی، جس پر اداکار کی جانب سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے دہلی ہائیکورٹ نے سلمان خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فلم 'کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی' کے پروڈیوسر کو ہدایت کی کہ وہ فلم کے تشہیری مواد کو تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ہٹا دیں۔
عدالت نے پروڈیوسرز کو ہدایت دی کہ وہ خود ہی ٹیزر ہٹا دیں، بصورت دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X)، یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو یہ مواد ہٹانے کا حکم دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت میں ٹیزر دیکھنے کے بعد جج نے اس کی مسلسل آن لائن موجودگی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
عدالت نے فلم سازوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کا مواد ہے؟ کیا آپ کو معلوم نہیں کہ پچھلی بار کوئی آرڈر پاس نہیں کیا گیا تھا؟ آپ کے مؤکل کو لگتا ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ عوامی سطح پر اس مواد کی موجودگی سلمان خان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، اور آپ کسی عام آدمی کے ساتھ بھی ایسا نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے فلم کی ریلیز روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ فلم ان کے 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے مشہور مقدمے اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ ان کی مبینہ کشیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔