ایل اے 27سےن لیگ ،ایل اے 28سے پیپلز پارٹی کامیاب
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 27 مظفر آباد ون پر مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نورین عارف جبکہ ایل اے 28 مظفر آباد ٹو پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل علی نقوی کامیاب ہو گئے۔
مظفر آباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد ون اور ایل اے 28 مظفر آباد ٹو کے 57 پولنگ سٹیشنز پر 2 اگست کو خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی، جس کے بعد ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی گئی۔
حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد ون کے تمام 197 پولنگ سٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف نے 18 ہزار 919 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے امیدوار سردار تبارک علی 18 ہزار 621 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح حلقہ ایل اے 28 مظفر آباد ٹو کے تمام 174 پولنگ سٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل علی نقوی 28 ہزار 170 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری شہزاد 26 ہزار 864 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ان نتائج کے بعد مظفر آباد ڈویژن کی مجموعی 21 نشستوں میں مسلم لیگ (ن) 15 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں اپنے نام کی ہیں۔